Categories
Uncategorized

ابتدائی پوسٹ

محترم قارئین: السلام علیکم و رحمۃاللہ

الحمد للہ آج مورخہ 25 دسمبر بروز بدھ اپنے بلاگ کا آغاز کر رہا ہو ں جس کے ذریعے دینی، اخلاقی، سیاسی، سماجی، معاشرتی اور معاشی موضوعات سمیت دیگر موضوعات پر تبادلہ خیال ہوا کرے گا.

یہ محض حسن اتفاق ہے کہ اس بلاگ کا آغازبانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت پر ہو رہا ہےاس لئے ابتدائی بلاگ میں بانی پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنا ازحد ضروری ہے. یہ ان کی خداداد صلاحیت، ان تھک محنت اور بے لوث وبے مثال قیادت ہی کا نتیجہ ہے کہ آج ہم پاکستان کی آزاد فضاوں میں سانس لے رہے ہیں. اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح، مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال اور جملہ قائدین تحریک پاکستان سمیت تمام کارکنان تحریک پاکستان کی قبروں پر انوار و تجلیات کی بارش فرمائے اور ان سب کو جنت الفردوس میں اعلی درجات عطا فرمائے.آمین

پاکستانی قوم کی حرماں نصیبی یہ رہی ہے کہ قیام پاکستان کے بعد سے لے کر اب تک اس کی زمام اقتدار ایسے ناعاقبت اندیش، نالائق اور نا اہل لوگوں کے ہاتھ میں رہی ہےجنہیں اس ملک سے کوئی غرض تھی نہ اس قوم کا کوئی درد تھا. انہیں فقط اپنے ذاتی و خاندانی مفادات عزیز تھے اس لئے انہوں نے ہمیشہ اپنے ذاتی مفادات کو قومی و ملی مفادات پر ترجیح دی.

یہی وجہ ہے کہ بحیثیت قوم آج بھی ہم اپنی منزل سے اتنے ہی دور کھڑے ہیں جتنے کہ قیام پاکستان کے وقت تھے. بہتر سال کا طویل عرصہ گذر جانے کے باوجود بھی وہ خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکا جس کے لئے پاکستان معرض وجود میں آیا تھا. ارباب اختیار کے ساتھ ساتھ بحیثیت قوم ہم سب بھی اس جرم میں برابر کے شریک ہیں کیونکہ جب بھی ہمیں موقعہ ملا ہم نے انہی نااہل اور بدکردار لوگوں کو ہی اپنے اوپر مسلط کیاجو بار بار کے آزمائے ہوئے تھے اور جن کے بارے میں ہمیں یقین تھا کہ

نہ پتھر اٹھے گا نہ تلوار ان سے
یہ بازو میرےآزمائے ہوئے ہیں

بہر حال جو ہوگیا سو ہا گیا کم ازکم اب تو ہمیں ہوش کے ناخن لینے چاہئیں اور اپنے سوئے ہوئے شعور کو بیدار کرنا چاہئیے تاکہ ہم اچھے اور برے، اہل اور نااہل کی تمیز کرنے کے قابل ہو سکیں کیونکہ جب تک ہم اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کرنے کے قابل نہیں ہو نگے کسی کو کیا پڑی ہے کہ وہ ہمارے بارے میں سوچے، ویسے بھی یہ نظام قدرت ہے کہ

خدا نے آج تک اس قوم کی حالت نہیں بدلی
جس کو نہ ہو خیال آپ اہنی حالت کے بدلنے کا

والسلام
ڈاکٹر محمد رفیق حبیب